لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہےکہ پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نےحضرت عثمان بن علی المعروف داتا گنج بخشؒ رحمۃ اللہ علیہ کے 975ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز کیا، عرس کی تقریبات کا آغاز میاں ثاقب نثار نے رسم چادر پوشی سے کیا، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، صوبائی وزیر اوقاف، سیکرٹری اوقاف بھی چیف جسٹس کے ہمراہ موجود تھے، عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔
داتا دربار میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عوام بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ ڈال رہے ہیں، ڈیموں کی تعمیر بہت ضروری ہے، ہمیں ان ڈیمز کو جلد سے جلد بنانا ہے، یہ ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اس ملک سے پیار کرنا ہے ، اس کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، اللہ کرے ملک جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو، پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے، ہم جلد ترقی کی منازل طے کرلیں گے۔