لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہےکہ پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار داتا دربار میں چادرپوشی کے لیے شریک ہوئے جہاں متعدد زائرین نے انہیں ڈیم فنڈ کے لیے چیک پیش کیے۔
داتا دربار میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عوام بڑھ چڑھ کر ڈیم فنڈ میں حصہ ڈال رہے ہیں، ڈیموں کی تعمیر بہت ضروری ہے، ہمیں ان ڈیمز کو جلد سے جلد بنانا ہے، یہ ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اس ملک سے پیار کرنا ہے ، اس کیلئے بہت قربانیاں دی گئیں، اللہ کرے ملک جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو، پہلی دفعہ محسوس ہو رہا ہے کہ ملک ترقی کی طرف ٹیک آف کررہا ہے، ہم جلد ترقی کی منازل طے کرلیں گے۔