این آر او کیلئے رابطہ نہیں کیا، ہمت ہے تو اس کا نام لیں، نوازشریف

مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کسی نے این آر او کے لیے رابطہ نہیں کیا ہے، ہمت ہے تو اس فرد کا نام لیں۔
سلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سب جانتے ہیں میں کس کیفیت سے گزررہا ہوں، ہم ابھی تک خود کوسیاست کی جانب نہیں لاپائے ہیں، ہم میں سے کسی نے این آراو کے لیے رابطہ نہیں کیا، ہمیں نام بتایا جائے جس نے این آراو مانگا ہو۔
نواز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام کرتا ہوں ، گزشتہ روز ان سے ملاقات میں جو بات ہوئی وہ فی الحال نہیں بتائی جاسکتی، شہباز شریف سے ملنا اور ان سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں لیکن عوام ملک میں حالات دیکھ رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہبازشریف نے ملک کی ترقی کے لیے دن رات دیکھے بغیرکام کیا، جس کا آج جو نتیجہ مل رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے، شہباز شریف سے متعلق آشیانہ کیس سے کچھ نہ ملا تو اب دوسرے کیس بنائے جارہے ہیں جوایک مذاق ہے جب کہ ان پرایک روپے کی چوری کا بھی الزام نہیں ہے۔