اسلام آباد:جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں نواز شریف شرکت نہیں کریں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف آج پارٹی کے مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچےاس موقع پرشہباز شریف نے پارلیمنٹ کے گیٹ پراستقبال کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور لیگی رہنما راجہ ظفر الحق، ایاز صادق، خواجہ آصف، پرویز رشید،آصف کرمانی، چوہدری تنویر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد نواز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنےجبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنماؤں پر مشتمل وفد کا اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں نیب کے کیسز اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل 28 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں بھی نواز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کرتے ہوئے پارٹی وفد بھیجنے کے فیصلے سے مولانا کو آگاہ کردیا تھا۔