اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اسرائیلی طیارے کی مبینہ طور پر پاکستان آمد پر وزیر خارجہ کی وضاحت تسلیم کرلی.
قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسرائیلی جہاز کی آمد کی خبرمیں کوئی صداقت نہیں یہ خبرمن گھڑت ہے،اس کے باوجود اس کا ذکر کرنا چاہیں تو کوئی روک نہیں سکتا۔
وزیر خارجہ کی وضاحت پر ایوان میں موجود اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنی نشستپر کھڑے ہوکر کہا کہ وزیر خارجہ جنٹل مین ہیں ان کی وضاحت قبول کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان کوسعودی عرب سے ملنے والے پیکیج پر شرائط کی باتیں کی گئی لیکن اس پر کوئی شرائط نہیں، پاکستانی فوج یمن بھیجنے سے متعلق سعودی عرب نے کوئی شرط نہیں لگائی۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امت تقسیم ہے تو ہمارے مفاد میں ہے اس تقسیم میں کمی کریں، اگر اختلافات میں مثبت کردار ادار کرسکتے ہیں تو کرنا چاہیے، ہم اسے مزید ہوا نہیں دے سکتے۔