اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں نیب نے حتمی بیان مکمل کرلیاآئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم بطور ملزم اپنا بیان قلمبند کرائیں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی،دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر واثق ملک نے العزیزیہ ریفرنس میں شواہد مکمل ہونے سے متعلق حتمی بیان دیااورعدالت سے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر نواز شریف کا بطور ملزم بیان قلمبند کیا جائے، عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا بیان آئندہ سماعت پر بطور ملزم ریکارڈ کیا جائے گا۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے سپریم کورٹ کے 20 اپریل اور 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی کاپیاں بھی پیش کی گئیں جس پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا 20اپریل کا فیصلہ اس ریفرنس سے متعلق نہیں، دوسرا فیصلہ آ جانے کے بعد پرانا فیصلہ پیش نہیں کیا جا سکتا۔