صدرعارف علوی کی طیب اردگان سےملاقات،دورہ پاکستان کی دعوت دی

انقرہ: صدر مملکت پاکستان ڈاکٹرعارف علوی ترکی کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی اور طیب اردگان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

اطلاعات کے مطابق صدر پاکستان اور ترک صدر طیب اردگان کے درمیان انقرہ میں صدارتی دفتر میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے باہمی امور اور خطے کو درپیش تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے ترکی کے 95 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر خصوصی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

صدر پاکستان نے آزادانہ تجارتی معاہدے اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ترک صدر طیب اردگان نے صدر پاکستان کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ امید ہے کہ نئی حکومت کے دوران یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، نئی قیادت میں پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ بھی حاصل ہوگا۔