لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت نے ابتدائی دنوں میں ہی درست سمت میں گورننس کی بنیاد رکھی لیکن ابھی بھی ہمیں طویل المدت اقدامات پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے ارکان پنجاب اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا،اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف شفاف حکومت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہی ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ ناداروں کو دو وقت کی روٹی ملے گی،سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے والوں کو چھت دیں گے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مالی تعاون فراہم کریں گے۔
اپنے دورہ چین کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دورے میں زراعت میرے ایجنڈے کا اہم حصہ ہوگا، زراعت کو مینجمنٹ اور فنانس کرنے کی ضرورت ہے جب کہ زراعت کی بہتری تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔