کراچی:کراچی میں جان لیوا موذی وائرس کانگو سے ایک اور شخص متاثر ہوگیا ہے،جس کےبعد رواں سال کانگو وائرس کے کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ۔
جناح اسپتال کی ڈائریکٹر اور ایم ایس ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق 33 سالہ فیضان نامی نوجوان کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے کے بعد اسپتال لایا گیا۔
ملیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے کچھ ٹیسٹ کرائے گئے جن سے اس میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی،جس کے بعد مریض کو آئی سولیشن وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے۔
رواں برس سے اب تک صرف کراچی سے ہی 19 کیسز سامنے آچکے ہیں، اس سے قبل اگست میں دو متاثرہ مریض انتقال بھی کرگئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 21 اکتوبر کو ملیر کے علاقے جام گوٹھ کے رہائشی 28 سالہ نہال میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ ماہ اگست میں دو متاثرہ مریض انتقال بھی کرگئے تھے۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2 ماہ قبل عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی محکمہ صحت نے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی گائیڈ لائن جاری کی تھیں، جس کے مطابق کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے پھیلتا ہے۔
کانگو وائرس کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی ہے لہٰذا قبل از وقت احتیاط اور مرض ظاہر ہوجانے کی صورت میں بروقت علاج ہی سے اس مرض کا خاتمہ ممکن ہے۔