پیرس:ہلدی کا شمار اُن مصالحوں میں ہوتا ہے جن کا کچن میں ہر وقت ہونا ضروری ہے۔ ہلدی نا صرف سالن، چاولوں اور دیگر کھانوں میں رنگ کے لیے استعمال ہوتی ہے بلکہ اس کے بے شمار فائدے بھی ہیں اور خصوصاً انسانی صحت کے لیے یہ بے حدمفید ہے۔ ہلدی واحد جڑی بوٹی ہے جس میں دوائی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
کہیں چوٹ لگ جائے تو ہلدی کے دودھ کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے، کسی بھی طرح کے درد کو دور کرنے کے لیے ہلدی استعمال ہوتی ہے، چہرے پر موجود داغ دھبوں کو صاف کرنے کے لیے ہلدی کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں تک کہ دانتوں کو چمکدار بنانے کے لیے بھی ہلدی کو ہی استعمال میں لایا جاتا ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق ہلدی کاپانی اور ہلدی کا پیسٹ دونوں ہی دانتوں کو چمکدار بنانے اور منہ کی تمام بیماریوں کو دور کرنے کے لیے مفید ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہلدی کے استعمال سے مسوڑوں کی سوزش اور دانتوں کے درد کو بھی بھگایا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ ہلدی کو ناریل کے تیل کے ساتھ مکس کر کے دانتوں پر لگایا جائے تو یہ دانتوں کو سفید بناتی ہے، مسوڑوں کی صفائی کرتی ہےاور دانتوں میں موجود کیڑوں کو ختم کرتی ہے۔
ہلدی سے دانتوں کو صاف کرنے کا طریقہ:
پہلا طریقہ کار:
ایک چمچہ ہلدی، کھانے کا سوڈا اور ناریل کے تیل کو آپس میں اچھی طرح مکس کر کے کسی بوتل میں رکھ لیں۔ اس سے 15 دن تک روزانہ دانت صاف کریں دانت سفید اور چمکدار ہوجائیں گے۔
دوسرا طریقہ کار:
ایک چٹکی ہلدی میں ناریل کا تیل شامل کرکے اسےمکس کرلیں پھر برش کی مدد سے اسے دانتوں اور مسو ڑوں پرایک منٹ تک رگڑیں، اس کے بعد پانی سے منہ دھولیں۔ لیکن خیال رہے کہ یہ روز نہیں کرنا کیونکہ اس کے نقصانات بھی ہیں یہ عمل ہفتے میں ایک سے دو بار دہرایا جائے۔