اسلام آباد:آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے اضافے کی سفارش کردی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا نے نومبر کےلئے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھیج دی ہے۔اوگرا نے سمری میں پٹرول 9 روپے فی لیٹراور ڈیزل 13 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا کہا ہے۔
وزارت پٹرولیم کو ارسال کی گئی سمری میں مٹی کا تیل ساڑھے 6 اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 48 پیسے اضافے کی سفارش کی ہے۔
وزرات پٹرولیم کو بھیجی گئی سمری پر وزارت خزانہ حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد کرے گا،جس کے بعد قیمتوں میں اضافہ یا سابقہ قیمت برقرار رکھنے کی منظوری دی جائے گی۔
موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اب تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا بلکہ ماہ اگست میں اس نے قیمتوں میں کمی کی تھی۔
اوگرا نے ماہ اکتوبر کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے اضافے کی تجویز دی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے وزرات خزانہ کو قیمتوں میں اضافے سے روک دیا تھا اور قیمتیں برقرار رکھیں تھیں۔