اسلام آباد: سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حکومت کو سپورٹ کیا موجودہ حکومت کا ساتھ دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیارہیں، 5 سال کے دوران ہم حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے، میاں صاحب کے ساتھ بھی کام کرنے کو تیارتھے بالکل اسی طرح اس حکومت کے ساتھ بھی تیارہیں لیکن شرط یہ ہے کہ جوکام کا پیمانہ ہووہ صرف انصاف پرمبنی ہو۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، جمہوریت میں کمزوریاں ضرورہیں، سب بیٹھ کرایک حل تجویزکریں جس سے ہم پاکستان کومسائل سے نکال سکیں، اگرہم توجہ نہیں دیں گے تومسائل بڑھتے جائیں گے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ جب میں صدر بنا تو آئی ایم ایف سے قرضہ مانگنے کا سوچا ،پھر میں نے سی پیک کا نظریہ سوچا،ملین بلین ڈالر ملنا معیشت کا مکمل علاج نہیں ہے،مل کر ملک کو قرض کے مسئلے سے نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں بھی کہا جاتا ہے کہ الیکشن فری اینڈ فیئر نہیں ہے،باہر کے ٹیکنو کریٹس کو یہاں کا کیا پتا۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ شارٹ ٹرم منصوبوں سے کچھ نہیں بننے والا،کراچی پانی پیتا ہے تو کراچی پانی دیتا بھی ہے،ہم ڈیمزبنانا چاہتے ہیں ،یہ اچھی سوچ ہے۔ہم اب کتنا جی لیں گے؟کب ہم اپنے بچوں کے لئے ملک بنائیں گے،ایک دوسرے کو اونچا نیچا دکھانا چھوڑدیں۔افغانستان ایک ایشو ہے،اس کے ساتھ کام کرنا بھی ایک ایشو ہے،اگر ہم کامیاب ہوں گے تو یہ ملک کامیاب ہو گا۔