وزیراعظم عمران خان 5 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان چین کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے جس کے دوران وہ چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے بات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
روانگی سے قبل چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کی حالیہ ترقی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، جن مسائل کا ہم آج سامنا کررہے ہیں چین ان مسائل پر قابو پاچکا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی، کرپشن سے نمٹنے کیلئے کوشش کررہے ہیں، غربت کے خاتمے کیلئے چین کے اقدامات سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے دورے سے متعلق پرامید ہوں، پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، پاکستان میں زراعت، فشریز، سستے گھر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقعے ہیں، معیشت کی بہتری کیلئے دو آپشن تھے ، آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد حاصل کرنا، سعودی عرب اور یو اے ای سے تعاون حاصل کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سی پیک کے تحت جدید ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہو، چین نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کو سرکاری وفد کے ہمراہ 2 نومبر کو چین روانہ ہونا تھا، تاہم گذشتہ روز ان کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی اور اب وہ آج ہی روانہ ہوگئے۔