اسلام آباد: سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے شریعہ گورننس ریگولیشن 2018 نافذ کردیاجس کے تحت کسی بھی قسم کا شرعی کاروبار کرنے کے لیے ایس ای سی پی کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ شریعہ گورننس ریگولیشنز تمام شریعہ کمپلائنٹ مالیاتی اداروں پر نافذ ہوں گے، شریعہ گورننس ریگولیشنز کارپوریٹ سیکٹر،کیپیٹل مارکیٹ، ریگولیشنز ایکوٹی مارکیٹ اور شریعت کے مطابق کاروبار کرنے والوں پربھی نافذ ہوں گے۔اعلامیے کے مطابق بلا اجازت کسی بھی کاروبار کے لیے اسلام اور شریعت کے الفاظ استعمال پر پابندی عائد ہوگی، کوئی کاروباری ادارہ کمیشن کی منظوری کے بغیر شرعی کاروبار ہونے کا دعویٰ نہیں کرے گا۔اعلامیے کے مطابق شریعہ گورننس ریگولیشنز میں شرعی کاروباری اداروں کی لائسنسنگ کانظام بنایا گیا ہے، ریگولیشنز میں اکاونٹنگ اینڈ آڈٹ، کمپلائنس، مشاورت اور حلال آمدن وغیرہ کا نظام بھی بنایا گیا ہے۔