نوشہرہ: جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے اکوڑہ خٹک میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔
فصیلات کے مطابق گزشتہ روز قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں ادا کردی گئی۔
مولانا کی نماز جنازہ کالج گراؤنڈ میں ان کے بیٹے حامد الحق نے پڑھائی۔ مولانا سمیع الحق کی تدفین نوشہرہ میں دارالعلوم حقانیہ کے احاطے میں کی جائے گی۔
نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، راجہ ظفر الحق، امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور اقبال ظفر جھگڑا سمیت سیاسی اور مذہبی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ان کی رہائش گاہ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ گیٹ پر واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ہیں اور رہائش گاہ کے اندر جانے والوں کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کے اعلان کے بعد تمام سرکاری عمارتوں پرپرچم سرنگوں ہے۔