احتجاج کےدوران آئین ، سیاسی ، فوجی قیادت کی توہین کی گئی ،ریاست معاف نہیں کرےگی،فواد

کراچی:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ دھرنے والوں سے معاہدے میں شرپسندوں کو معاف کرنے کا ذکر نہیں ہے ۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے دوران آئین،عوام، سیاسی اور فوجی قیادت کی توہین کی گئی ریاست اسے بھولے گی نہیں اور یہ معاملہ مسلک کا نہیں بغاوت کا ہے مظاہروں کے دوران جو زبان استعمال کی گئی تھی یہ سیدھا سیدھا بغاوت کا معاملہ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران جو تقاریر کی گئیں اور جو اس میں ملوث ہے ریاست اسے نہیں بھولے گی، یہ معاملہ مسلک کا نہیں بغاوت کا ہے، کیا ریاست کو بغاوت کو نظرانداز کردینا چاہیے، بغاوت کو نظرانداز کرنے والی ریاست پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسئلے کو حکمت عملی سے حل کیاہم نے صرف فائر فائٹنگ کی احتجاج کے دوران لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا لیکن ریاستی طاقت استعما کرنے پر نقصان کا اندیشہ تھا اور حکومت نے کسی نقصان کے بغیر معمولات زندگی کو بحال کیا۔
فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کوسیاسی انتقام کانشانہ بنایاجارہاہے، سندھ میں فرسودہ سیاست کے ذمہ دارآصف زرداری ہیں ۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کراچی میں عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہورہاہے ہم پرکراچی اورسندھ کے عوام نے اعتمادکیاہے۔