کراچی:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کےبیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورصوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہاکہ فواد چوہدری کان کھول کر سن لیں، صوبے خود مختار ہیں، 3 دن وفاق یرغمال رہا، فواد چوہدری کہاں تھے؟ عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے نیازی نے ہتھیار ڈال دیئے۔
سعید غنی نے کہاکہ تحریک انصاف نے وفاق اور دیگر صوبوں میں مانگے تانگے کی حکومت بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کرکے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا، قومی اسمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کیلئے باعث شرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف دھرنے دینا سیاست ہے تو انہیں مبارک ہو، ہم نے سندھ حکومت مانگے تانگے کی نہیں بنائی بلکہ وفاق اور دیگر صوبوں میں انہوں نے مانگے تانگے کی حکومت بنائی۔
سعید غنی نے کہا کہ ہم کنٹینر کی سیاست نہیں کرتے، ہماری حکومت کسی کے سہارے پر نہیں بلکہ پنجاب اور وفاق میں سہارے کی حکومت ہے، ملک کے مفاد میں پیچھے جانا پڑتا ہے تو ہم پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔