لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے قریب تھانہ رنگ محل کے ایس ایچ او زاہد محمود راٹھور قاتلانہ حملے کے نتیجے میں گن مین اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ رنگ محل زاہد محمود پر نامعلوم کار سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقلی کے وقت راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق انسپکٹر زاہد محمود مریدکے میں اپنے گھر سے لاہور جارہے تھے، ان کے ہمراہ گن مین اور ڈرائیور بھی گاڑی میں موجود تھے جو موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی انسپکٹر زاہد محمود پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔