پاک چین تجارت ڈالر کی بجائے چینی کرنسی یوان میں ہوگی،فواد چوہدری

لاہور: وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک چین تجارت ڈالر کی بجائے چینی کرنسی یوان میں ہوگی، یہ چین کی جانب سے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کا حصہ ہے ، ڈالر میں پیسے دینے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوجاتے تھے اور خزانے پر بوجھ پڑتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کندھے سے کندھےملا کر کھڑا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان آج وطن واپس پہنچ جائیں گے، چین کے دورےمیں بڑ ی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اسٹر یٹجک معاہدہ طے ہوا ہے، اب اقتصادی راہداری کوریڈور کے دروازے کھل رہے ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کرنسی کا تاریخی معاہدہ ہوا ہے، اب چین سے پاکستان کی تجارت چینی کرنسی یوآن میں ہوگی، ڈالر میں پیسے دینے سے معیشت پر دباؤ پڑتا تھا، اقدام روپے کی قدر بہتر کرنے کا حصہ ہے، چین سے ہمارے تعلقات اہمیت کے حامل رہے ہیں اور رہیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا پہلا پاکستانی 2022 میں چین کے خلائی پروگرام کے تحت خلا میں جائے گا، سیاست میں لوگ ہیں، فسادفی الارض پھیلانے والے چند لوگوں کو خلامیں بھیج دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکرہے ن لیگ نے یہ نہیں کہا پاک چین دوستی میاں شریف کی وجہ سےہوئی، ملکوں کے تعلقات شخصیات پر نہیں اسٹرٹیجی پر منحصرہوتے ہیں، اتنا طویل عرصے حکومت میں رہنے سے غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ دنیا کے سارے معاملات ان کی وجہ سے چل رہے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو فخرہونا چاہیے،اسلامی دنیا کا اس پر اعتماد بحال ہوا، اسلامی دنیا عمران خان کو دیکھ رہی ہے، اسلامی دنیا کے مسائل کے حل میں ہمارا کردار ہونا چاہیے، یورپی یونین نے توہین آمیز مقابلے کو غلط قرار دیا یہ پاکستان کی کامیابی ہے، مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کا سب کو پتہ ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماراجوماڈل ہےوہ مدینہ کی ریاست ہے، اس کے حساب سے اقلیتوں کو رکھنا ہے، صوبائی حکومتوں کوہدایت دی ہے آج رات تک املاک کے نقصان کی تفصیل دیدیں، صوبائی حکومتوں کی ذمے داری ہوگی جن لوگوں سے زیادتی ہوئی اس کا مداوا کرے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے جس طرح سےمعاملے پر ساتھ دیا وہ قابل تعریف ہے، سیاسی جماعتوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پاکستان کس طرح یکجا ہے۔
وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ایک ریڑھی والےسےبچےسےاس کے کیلے چھین لیےگئے، رکشوں کو آگ لگائی گئی، خواتین سے بدتمیزی کی گئی ، مذہب کا لبادہ اوڑھا گیا لیکن ان کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں تھا، پنجاب حکومت نےجس طرح بچےکےنقصان کاازالہ کیا وہ قابل تعریف ہے، احتجاج کےدوران شہریوں کےنقصان کاازالہ کریں گے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا دورہ چین سے متعلق وزیرخزانہ تفصیلی بریفنگ دیں گے، دورہ سعودی عرب کی طرح دورہ چین بھی نہایت کامیاب رہا، تنقید سے خوفزدہ نہیں،ہماری اصلاح ہوتی ہے، پی ٹی وی کو بھی یکساں چیزیں نشرکرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سنسرشپ کیخلاف ہیں پی ٹی وی کی نشریات سے اندازہ لگا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں ہیں جس میں صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں، ایسی کچھ چیزیں ہیں جس پرسول سوسائٹی نے ردعمل دیا ہے، ایسے بہت سے جید علما ہیں، جنہوں نے ان پرتشدد مظاہروں کی مذمت کی۔
اپوزیشن کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا جھگڑا ہماراصرف ایک بات پرہے،اپوزیشن کہتی ہے این آراو اور ہم کہتے ہیں نارو، اے پی سی ہورہی ہے لیکن ایجنڈے کا کچھ پتہ ہی نہیں، اپوزیشن نے کہا دھاندلی ہوئی ہم نے پوچھا تو کہتے ہیں معلوم نہیں کیسے ہوئی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا اپوزیشن کہتی ہے ہم ہار گئے اس لیے دھاندلی ہوئی ہے اور ہمارےخلاف کیسز نہ کھولے جائیں، پاکستان کا پیسہ لوٹا گیا اور ہم چاہتے ہیں یہ پیسہ ملک میں واپس آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھرنا قائدین سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کو کریڈٹ دینا چاہیے، مذاکراتی ٹیم نے دانش مندی کے ساتھ ایک بحران کا خاتمہ کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا یہ بالکل درست ہے ماضی میں احتساب کے نام پر سیاست ہوئی، احتساب کےنام پر سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے، وزیراعظم عمران خان پر ایک روپے کی بھی کرپشن کا الزام نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان ایسے ہیں، جنہیں کرپشن کے معاملے پر کوئی چھوٹ نہیں چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں ایک ماہ میں سوا ارب کےاشتہارات بھی گئے، جہاں پینے کا پانی میسر نہیں وہاں شکل دکھانے کیلئے سوا ارب کیسے خرچ کیے گئے، صحافتی تنظیموں کیساتھ کھڑے ہیں، ان کےمسائل حل کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا پی ٹی آئی حکومت اشتہارات کو بطوررشوت استعمال کرنے کو تیارنہیں، مسلم لیگ ن نے اشتہارات کو بطور رشوت استعمال کیا، معاملات کوحل کرنا چاہتے ہیں، مزید مسئلے پیدا نہیں کرنا چاہتے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پرتشددمظاہروں کےمعاملےکوحل کرناہوگا، یہ نہیں ہوسکتاکہ2،3 ہزار لوگ نکل کرپورےملک کومفلوج کردیں۔