اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی اور منصوبہ نہیں، حکومت کے 100 روز پورے ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواشریف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا اس لیے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سعودی عرب کے بعد اب چین بھی جاچکے ہیں لیکن ہر جگہ انھوں نے اپنا کوئی منصوبہ بتانے کے بجائے ن لیگ کے گزشتہ کاموں کی ہی تعریف کی،اب تک قومی نشریاتی ادارے نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ وزیراعظم نےچین میں بھیک مانگی جو ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔
ایک سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والی پارلیمانی کمیٹی میں اپنی سفارشات پیش کرے گی، کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیادپر طلب کر کے حقائق سامنے لانے چاہئیں، سب کو علم ہے کہ حالیہ عام انتخابات دھاندلی زدہ تھے اور ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا تھا۔