راولپنڈی : یوم شہداء کشمیر پر مسلح افواج نے شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انشااللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،بھارتی فوج جبر سے کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد نہیں دبا سکتی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یوم شہداءکشمیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلح افواج کی جانب سے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزکاظلم جاری ہے، انشااللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،بھارتی فوج جبر سے کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد نہیں دبا سکتی اور کشمیریوں کو حق خودارادیت سے کوئی محروم نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ 6 نومبر1947 کو بھارتی فوج، ڈوگرہ راجہ مہاراجہ ہری سنگھ اور ہندو انتہا پسندوں نے جموں و کشمیر کے عوام پر مظالم کے پہاڑ گرائے تھے اور پاکستان ہجرت کرنے والے 2 لاکھ کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا۔ انہی کی یاد میں ہر سال 6 نومبر کو یوم شہدائے کشمیر منایا جاتا ہے۔