اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ملکی میں امن و امان اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت کئی معاملات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او، وفاقی وزرا، کونسل ممبران اور سیکریٹری خارجہ سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک میں امن و امان اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال سمیت سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے معاملات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں پاک افغان سرحدی صورتحال اور افغان مصالحتی عمل سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو دورہ چین سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے چینی صدر اور روسی وزیراعظم سے ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن رد الفساد سے متعلق سینئر حکام نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں حالیہ پر تشدد احتجاج اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات پر بھی غور کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی، امن و استحکام اور قانون کی بالادستی میں ہے۔