اسلام آباد: ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ نے انکشاف کیا ہےکہ پاکستان میں تقریباً تمام بینکوں کا ڈیٹا ہیک کرلیا گیا ہے۔پاکستان کے 6 بینکوں نے ڈیبٹ کارڈ سے عالمی ادائیگیاں معطل کردیں
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر سائبر کرائمز ونگ کیپٹن (ر) شعیب نے بتایا کہ پاکستان میں سارے ہی بینکوں کا ڈیٹا بیرون ملک سے ہیک کرلیاگیا ہے، گزشتہ ہفتے ایک بینک کی ویب سائٹ ہیک ہوئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں بینکوں نے اس بارے میں رپورٹ نہیں کیا، ہم خود تجزیہ کرتے ہیں، ہم نے کرائم ڈیٹا دیکھا ہے جس سے پاکستان کے بڑے بینکوں کے ڈیٹا کی ہیکنگ کا پتا چلا اور اسی وجہ سے صارفین کی جانب سے ڈیٹا چوری ہونے کی شکایات آرہی ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام بینکوں کو خط لکھ دیا ہے اور بینکوں کے نمائندوں کا اجلاس بھی بلا رہے ہیں جب کہ 100 سے زائد مقدمات درج کرکے کئی گرفتاریاں بھی کی ہیں۔
کیپٹن (ر) شعیب نے مزید کہا کہ ہیکنگ کے حوالے سے کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور بیرون ممالک سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھاکہ بینک عوام کے پیسوں کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں، اگر بینکوں کے سیکیورٹی فیچرز کمزور ہوں گے تو اس کی ذمہ داری بینکوں پر عائد ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ 28 اکتوبر کو پاکستان کے ایک بینک کے آن لائن نظام پر سائبر حملہ ہوا، ہیکرز بینک کے سیکیورٹی سسٹم میں گھسے اور کچھ ٹرانزیکشنز بھی کیں لیکن اس وقت تک بینک کا عملہ چوکنا ہوچکا تھا، عملے نے پہلے اپنا سسٹم عالمی نظام سے ڈی لنک کیا اور بعد میں ان ٹرانزیکشنز کو ریورس کیا جو سائبر چور کرگئے تھے۔