اسلام آباد: امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میری سزا غیر قانونی ہے رہائی کے لیے عمران خان میری مدد کریں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جو انہوں نے ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کو جیل میں ملاقات کے دوران دیا۔
عافیہ صدیقی نے خط میں لکھا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی لہٰذا عمران خان میری رہائی میں مدد کریں،میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے کیوں کہ مجھے اغواء کر کے امریکا لایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں، عمران خان کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔
عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کے مخالفین کو کہا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے اور اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی ایک سائنسدان ہیں، جن پر افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملے کا الزام ہے۔
مارچ 2003 میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم کمانڈر اور نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کی گرفتاری کے بعد ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنے تین بچوں کے ہمراہ کراچی سے لاپتہ ہوگئی تھیں۔
عافیہ صدیقی کی گمشدگی کے معاملے میں نیا موڑ اُس وقت آیا، جب امریکا نے 5 سال بعد یعنی 2008 میں انہیں افغان صوبے غزنی سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔
بعدازاں عافیہ صدیقی کو امریکا منتقل کر دیا گیا، ان پر مقدمہ چلا اور 2010 میں ان پر اقدام قتل کی فرد جرم عائد کرنے کے بعد 86 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔