اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کامیاب دورہ چین کے بعد وفاقی کابینہ کااجلاس کل طلب کرلیا ہے، جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا اور دورہ چین کے دوران معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے بعد وفاقی کابینہ کو دورہ چین سے متعلق اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کل وفاقی کابینہ کااجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں 21 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔
اجلاس میں دورہ چین کے دوران معاہدوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا اور مرکزی قیادت، ترجمانوں کو بھی دورہ چین پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن اور چف ایگزیکٹوافسرپبلک پرائیویٹ اتھارٹی کی تقرری کی منظوری دی جائے گی۔
ایجنڈے میں 5 خطرناک افراد کوتحویل میں رکھنے کی منظوری اور برطانیہ اور آئرلینڈ کیساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں موجودہ حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں لبرٹی ایئرلائن کیلئے کلاس ٹو کے چارٹرلائسنس کی منظوری، انجینئرنگ ترقیاتی بورڈ کو ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے کر بحال کرنے کی منظوری شامل ہیں۔
اجلاس میں ارکان پارلیمان اورعوام کیلئےٹیکس ڈائرکٹری شائع کرنے کی منظوری دی جائے گی۔