اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا۔
اطلاعات کےمطابق وزیر اعظم نے دورہ چین سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرے گا اور شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم معاشی پیکجز دے گا، دورہ چین میں رشکئی میں صنعتی زون کو جلد آپریشنل کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی بھی شریک تھے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے قبائلی علاقہ جات کے دو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی ملاقات کی جس میں فاٹا کے مسائل پر بات کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں گے، قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام حکومت کی اولین ترجیح ہے، فاٹا کے رہائشیوں کو تمام حقوق فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔