ریاست کوتشدداورانتہاپسندی کی پالیسی ترک کرنی ہوگی،رضاربانی

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کےرہنما رضا ربانی نے کہا کہ تاریخی طور پر پاکستان کی ریاست نے ہمیشہ مسلم پرستی کو آگے بڑھایا، ہم بات کرتے ہیں کہ ریاست کی رٹ ہونی چاہیے اور رٹ کو منوایا جانا چاہیے،اگر ریاست اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی کرے گے تو ریاست کو رٹ منوانا مشکل ہو جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ریاست کو تشدد اور انتہا پسندی کی پالیسی ترک کرنی ہوگی، کسی بھی ملک کے اندر توہین رسالت کا مسئلہ اٹھ نہیں سکتا، کوئی ایسا مسلمان نہیں ہے جو آپ ﷺ کی توہین کو برداشت کرے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست تعلیم کی فراہمی میں ناکام ہو گئی ہے، لوگ پرائیویٹ سکولوں میں بچوں کو پڑھا رہے ہیں۔انہوں نے حکومتی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست عوام کو پانی فراہم نہیں کر رہی، عوام ٹینکروں سے پانی لے رہے ہیں۔انہوں نے گزشتہ دنوں احتجاجی مظاہرے کے دوران ٹھیلے والے بچے سے کیلے چھینے والے معاملے کی مذمت کی اور کہا کہ سب بچے ہمارے بچے ہیں لیکن ہم نے ان کو انتہا پسندی کی طرف لائے، پارلیمان کو اپنے روایتی رول سے ہٹ کر کردار ادا کرنا ہوگا اور پبلک پٹیشن جیسے اقدامات کو بڑھانا ہوگا۔