اسلام آباد: پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات سے امریکا کو آگاہ کردیا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستانی دورے پر ہیں جہاں وہ سفارتی ملاقاتوں میں مصروف ہیں اورپاکستان نے ایلس ویلز کے دورہ پاکستان میں عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور موقف اختیار کیا ہے کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا آئندہ ہفتے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کا بھی امکان ہے.
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی لہٰذا عمران خان میری رہائی میں مدد کریں۔
انہوں نے خط میں لکھا تھا کہ ‘میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے کیوں کہ مجھے اغواکر کے امریکا لایا گیا تھا۔
عافیہ صدیقی نے خط میں کہا کہ عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں، عمران خان کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔
عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کے مخالفین کو کہا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے اور اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔