اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے پاس صرف بھیک مانگنے کی پالیسی ہےاس کے علاوہ نہ توخارجہ پالیسی ہے اور نہ ہی کوئی معاشی پالیسی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ہم بھیک نہیں مانگیں گے، وہ کہتے تھے کہ بھیک مانگنے سے خودکشی کرنا بہتر ہے لیکن ابھی تک ان کی حکومت نے بھیک مانگنے کے علاوہ کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا،انہوں نے کہاکہ حکومت کے 100 روزہ پلان میں صرف 10 روز باقی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کیا گیا ایک وعدہ بھی تاحال پورا نہیں ہوسکا۔
وزیراعظم عمران خان کے دوروں سے متعلق بات کرتےہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وزیراعظم کےدورہ چین پرتحفظات کو دور نہیں کیا گیا، سعودی عرب نے کن شرائط پر بیل آوٴٹ پیکج دیا، حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، ریاست کی رٹ قائم کرنے پر بھی یوٹرن لیے جارہے ہیں، وزیر اعظم اپنی تقریر میں کچھ کہتے ہیں اور ان کے وزراء ملاقاتوں میں کوئی اور موٴقف اپناتے ہیں۔