اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، ملک مشکل صورتحال سے گزررہا ہے، انشاء اللہ چھ ماہ میں واضح بہتری نظر آئے گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت کی بنیاد رکھے گی ،وزراء اپنی کارکردگی کے بارے میں جوابدہ ہیں انکی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب سے خائف عناصر شور و غل کر رہے ہیں لیکن حکومت اس سے قطع نظرعوام سے کیے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبہ سے جہاں لوگوں کو گھر کی سہولت ملے گی وہیں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔