کراچی: صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن کو سیکیورٹی خطرات کے باعث مؤخر کردیا گیا۔پولیس کے مطابق آپریشن سیکیورٹی اداروں کو ملنے والی خفیہ اطلاعات پر مؤخر کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کے اعلٰی افسران نے جاری آپریشن میں مداخلت کی اور افسران نے متعلقہ محکموں کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا جس کے بعد متعلقہ اداروں نے آپریشن مؤخر کیا۔
دوسری جانب کے ایم سی کے مطابق دکانداروں کے احتجاج پر کل کی مہلت دی گئی ہے اور تجاوزات ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔
صدر اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی کیا گیا، آپریشن میں کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل سمیت دیگر محکمے بھی شریک تھے۔اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری موجود تھی۔
دوسری جانب آپریشن کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیپری سنیما سے صدر دواخانہ جانے والی سڑک کو ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، ہیوی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر اور ٹاور کی طرف بھیجا جارہا ہے۔