اسلام آباد: آئی ایم ایف وفد نے توانائی اصلاحاتی پروگرام میں نئی شرائط عائد کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں سبسڈی ختم کرنے کی تجویز دے دی، جس پر عمل درآمد کی صورت میں بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد کی پاور ڈویژن حکام سے ملاقات ہوئی، حکام نے وفد کو بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام میں اصلاحات سے آگاہ کیا جب کہ ٹیرف اور لائن لاسز کنٹرول پر بھی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 14 نکاتی اصلاحاتی پروگرام پر اتفاق کیا تھا تاہم توانائی اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔