ملک بھر میں آج مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹر محمد علامہ اقبال کا 141واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔
علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے جب کہ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مصور پاکستان کو پاک بحریہ اور پاک رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔
مزار اقبال پر پاک نیوی کے دستے نے پاک رینجرز سے چارج سنبھال لیا، اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے بطور مہمان خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا، مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑہائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمان خصوصی نے کتاب یادداشت میں اپنے تاثرات قلمبند بھی کئے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث مزار اقبال پر عام عوام کا داخلہ بند رکھا گیا ہے۔