نواب شاہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف زرداری نے کہاکہ آنکھیں دیکھنے کے لیے ہوتی ہیں اور میں سب کچھ دیکھ رہا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ مجھ سے کونسی طاقتیں نبردآزما ہیں لیکن پھر بھی اپنے بچوں کو اس جنگ میں سپاہیوں کی حیثیت سے اتار چکا ہوں۔
نواب شاہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کی جو ذمہ داری مجھ پرعائد ہوتی ہے اس مشن سے نہیں ہٹوں گا، سیاسی میدان میں ہم سے بڑے بڑے لوگ آئے اور چلے گئے جن کا آج نام بھی نہیں ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کی آبادی بڑھتی جارہی ہے اور آنے والے چند برس میں ہمیں پریشان ہونا پڑے گا اس لیے ابھی سے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔