کراچی: وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہےکہ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر ایک دو روز میں پاکستان آجائیں گے۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے کراچی میں اوورسیز چیمبر آف کامرس میں صنعت کاروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گردشی قرضوں کا سب سے زیادہ فائدہ آئی پی پیز کو ہوتا ہے، سبسڈیز دینا مسئلے کا حل نہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر ایک دو روز میں پاکستان آجائیں گے جب کہ آئی ایم ایف سے قرض کے ٹارگٹ کا تعین نہیں ہوا اس پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنڈی اور دیگر رقم ترسیل کے طریقوں نے ملک میں تباہی مچائی، ایف اے ٹی ایف سنجیدہ معاملہ ہے، جنوری میں ایف اے ٹی ایف میں اچھی پیش رفت کا امکان ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ دبئی میں 4 ہزار پاکستانیوں کے اثاثوں کا معلوم ہوا ہے اور دیگر ملکوں میں97 ہزار پاکستانیوں کی پراپرٹیز کا پتا چلا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ ٹارگٹ کو نہیں، ٹیکس مشینری کو ٹھیک کرنا ہو گا، 1300 ارب روپے کے ٹیکس کیسز عدالتوں میں ہیں، ٹیکس مسائل کے حل کیلیے خصوصی عدالتیں بن رہی ہیں۔