کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف کی زمین کے ایم سی نے 30 سال پہلے دی تھی لیکن اب یہ معاہدہ ختم کردیا گیا ہے اور متاثرہ لوگوں کو متبادل جگہ دی جائے گی۔
میئر کراچی وسیم اختر نے ایمپریس مارکیٹ کا دورہ کیا اورتجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف دکانداروں کے ساتھ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے درمیان ہونے والا معاہدہ ختم کردیا۔ متاثرین کی فہرست بنائی جائے گی،کوشش ہوگی متبادل جگہ فراہم کریں۔
وسیم اختر کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ شہر کو اس کی اصل صورت میں لے آئیں، کہیں بھی کسی کو فٹ پاتھ گھیرنے نہیں دیں گے، وزیراعظم نے مجھے اسلام آباد میں کہا کہ یہ تجاوزات ختم کی جائیں، سپریم کورٹ اور وزیر اعظم کی ہدایت پر کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی ساری ٹیم اور تمام مدد کرنے والے اداروں کا شکر گزار ہوں، فٹ پاتھ پر ہونے والی تجاوزات کو بھی صاف کیا جارہا ہے، اگر کسی کا بورڈ ٹوٹا ہے تو غلطی سے ٹوٹا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم کسی کا کاروبار متاثر نہیں کرنا چاہتے، ماضی میں جو غلطیاں کیں وہ غلط کام تھا، یہ شہر کی خوبصورتی اور آثار قدیمہ ہے۔