اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین نیب کو خط لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور میرے خلاف پارٹی بن چکے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہاکہ میرے خلاف تحقیقات نیب لاہور کے بجائے کسی اور ریجن سے کروالی جائے کیوں کہ ڈی جی نیب لاہور میرے خلاف پارٹی بن چکے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے میڈیا پر میرے خلاف تحقیقات کا تذکرہ کیا اور ٹاک شوز میں مجھے مجرم ثابت کرنے کی کوشش کی لہذا مجھے نہیں لگتا ایسے ماحول میں نیب لاہور شفاف تحقیقات کرے گا۔