اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبے سے متعلق کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پیر کے روز نندی پور پاور پراجیکٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس نے عدالت میں خواجہ آصف سے استفسار کیا کہ آپ کیسے آئے ہیں؟ اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے بتایا کہ یہ نندی پور پاور منصوبے سے متعلق کیس کے لیے آئے ہیں۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ نندی پور پاور منصوبہ کیس میں مزید کارروائی کی ضرورت نہیں، نندی پور والا ریفرنس تو فائنل ہو گیا، خواجہ آصف کی داد رسی بھی ہو گئی۔
عدالت نے نندی پور پاور منصوبے سے متعلق کیس نمٹا دیا جب کہ ایک فیصلے پر نظرثانی کا معاملہ جمعہ کو لاہور میں سنا جائے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے نندی پور منصوبے سے متعلق کیس رواں سال 8 اگست کو ری اوپن کیا تھا اور عدالت نے نیب کو منصوبے میں مبینہ کرپشن پر تحقیقات کا بھی حکم دیا تھا۔