اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ اشتہارات پر سرکاری کنٹرول ختم کررہےہیں، تمام سرکاری اشتہارات میرٹ پر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اشتہارات کے سیاسی فوائد کے حق میں نہیں،پچھلی حکومت کے فیصلوں سے میڈیا انڈسٹری متاثر ہوئی ہے تاہم موجودہ حکومت سیاسی اشتہار بازی کے حق میں نہیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر سرکاری اشتہارات کی مد میں واجب الادا رقم جاری کرنے کا عمل شروع کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ اس اقدام سے میڈیا انڈسٹری کو ریلیف ملے گا۔