صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔
صدر مملکت کےکوئٹہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دیگر صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
صدرمملکت کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزراء شیخ رشید احمد اور فیصل واوڈا بھی کوئٹہ پہنچے ہیں۔
صدر مملکت نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔
صدر مملکت نے گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے ملاقات کی، گورنر بلوچستان نے صدرمملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی وزیراعلی بلوچستان، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل اور اعلی حکومتی عہدیداروں سمیت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔