کرپشن کےخاتمےکی بات پراپوزیشن کااحتجاج کیوں شروع ہوجاتاہے؟فواد

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے شریفوں، زرداریوں اوراچکزئیز نے بلوچستان کو لوٹا اورجب کرپشن کے خاتمے کی بات کریں تو اپوزیشن کا احتجاج کیوں شروع ہو جاتا ہے؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ اجلاس میں تقریر کے دوران اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے شریفوں، زرداریوں اوراچکزئیز نے بلوچستان کو لوٹا، بتایا جائے آخر اب تک بلوچستان کے مسائل جوں کے توں کیوں ہیں؟ محمود خان اچکزئی اینڈ کمپنی نے اس ملک کے ساتھ کیا کیا ہے؟ کسی کے پاس کوئی جواب ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ معاشی دہشت گردی کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے سینیٹ کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے انہیں تنبیہ کی اور کہا کہ وزیر صاحب آپ نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں، ایوان چلانا حکومت کا کام ہے، حکومت زیادہ برداشت کرے۔