اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے كہا کہ پی ٹی آئی حكومت کی نوجوانوں كی تعلیم، صحت، روزگار كے مواقع كی فراہمی اور ان كی ہر شعبے میں شمولیت كو یقینی بنانااولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم یوتھ پروگرام كے حوالے سے وزیر اعظم آفس میں اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیر اعظم نے گذشتہ دور میں خیبر پختونخوا حكومت كی جانب سے نوجوانوں كے لئے شروع كیے جانے والے مختلف پروگرامز كے تجربے سے استفادہ كرتے ہوئے پورے ملک كے لئے جامع اور مفصل پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرمین یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے وزیر اعظم كو بریفنگ دیتے ہوئے كہا كہا کہ سابقہ حكومت كے دور میں اربوں روپے سے شروع كیے جانے والے یوتھ پروگرامز كی افادیت كا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سكتا ہے كہ كامن وویلتھ یوتھ گلوبل ڈویلپمنٹ انڈیكس رینكنگ كے مطابق پاكستان كی پوزیشن 2013كے مقابلے میں كم ہو كر 154 تک آن پہنچی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام محمد عثمان ڈار، وزیرِ اعظم كے معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی، سیكرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان اور دیگر افسران نے شركت كی ۔