حکومت اور اپوزیشن میں تعاون نہ ہونے کی وجہ کرپشن کے کیسز ہیں،صدر

اسلام آباد:صدرمملکت عارف علوی نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن میں تعاون نہ ہونے کی وجہ کرپشن کے کیسز ہیں، جب کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں تو پھر کرپشن میں مک مکا کی کیفیت نہیں ہونی چاہئے ۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہاکہ میں نے اسٹاف سے درخواست کی ہوئی ہے کہ میری پروٹوکول میں گاڑیاں اتنی رکھو کہ لوگ د و سے تین منٹ سے زیادہ انتظار نہ کریں، کوئٹہ والے واقعہ کے بعد میں صوبوں کو لکھوں گاکہ پروٹوکول اور سکیورٹی کی گاڑیاں الگ الگ کردیں اور میرے ساتھ چھ سے سات گاڑیوں سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے ۔
وزیر اطلاعات کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف حکومت میں ہے اور تحریک انصاف کو کوشش کرنی چاہئے کہ حکومت چلے ، فواد چودھری کومشورہ دیتا رہتا ہوں،بلاول بھٹو زرداری کی بات کہ ”عمران خان قدم بڑھاؤ ہم تمہار ے ساتھ ہیں‘ ‘ اچھی بات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پرانا زمانہ بہت یاد آتا ہے جب میں عمران خان کی تصویریں کھینچا کرتا تھا اور یہ ہماری انسانیت ہے کہ ہم انسانوں کی طرح رہیں ، اگر میں صدر بن بھی گیا ہوں لیکن ایک انسان ہی ہوں۔ میں ہمیشہ لائن میں کھڑے ہونے کا کہتا رہا ہوں اور اب کیوں اس کی خلاف ورزی کروں گا ۔