نوازشریف نے بیرون ملک سے بھجوائی گئی رقوم تسلیم کرلیں

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران بیرون ملک سے بھجوائی گئی رقوم تسلیم کرلیں اور اعتراف کیا کہ بیرون ملک سے بھجوائی گئی رقم کا 77 فیصد اپنی صاحبزادی کو گفٹ کیا۔
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کی جس کے دوران نواز شریف نے آج مسلسل تیسرے روز عدالت کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔
سابق وزیراعظم نے آج مزید 30 سوالات کے جواب دیے اور وہ عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 151 سوالات میں سے 120 کے جواب دے چکے ہیں۔
آج سماعت شروع ہوئی تو نواز شریف نے بطور ملزم عدالتی سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز کی ملکیت کا دعویٰ کبھی نہیں کیا، ہمیشہ کہا ہے کہ العزیزیہ کی ملکیت سے کچھ لینا دینا نہیں۔
سابق وزیراعظم نے اپنے جواب میں کہا کہ قطری شہزادے کے خطوط کبھی بھی کسی فورم پر اپنے دفاع کے لیے پیش نہیں کیے اور ذاتی طور پر کبھی قطری خطوط پر انحصار نہیں کیا۔