اسلام آباد: وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تاریخ نے ایک بار پھر ثابت کردیا امریکا کی خوشامد کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔
وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا بیان ان پاکستانی رہنمائوں کے لیے ایک پیغام ہے جو نائن الیون کے بعد امریکا کو خوش کرنے کے چکر میں لگے رہے۔ جس کا نتیجہ ڈرونز حملوں میں پاکستانی جانوں کا ضیاع، ریمنڈ ڈیوس اور دیگر امریکی ہرکاروں کی رہائی کی صورت میں سامنے آیا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرونز کے باعث پاکستانی میں ہونے والی غیر قانونی ہلاکتوں کی تعداد ان گنت ہے، لیکن تاریخ نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ امریکا کی خوش آمد کرنے سے کوئی فائدہ نہیں جب کہ امریکی پالیسیاں پاکستان کے مفاد کے خلاف ہیں۔