اسلام آباد: حکومت نے بیرون ممالک سے دوطرفہ قانونی معاونت کے معاہدوں کی جلد تکمیل کیلئے باہمی قانونی معاونت بل فوری طور پر لانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آسان، سہل اور جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا بنیادی جزو ہے، کمزور طبقات کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے جو ہرصورت پورا کریں گے۔
وزیراعظم آفس میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں ملکی قوانین کو بہتر بنانے کےحوالے سے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ خواتین کو وراثت میں حق کے حصول اور دیگر حقوق کے تحفظ کویقینی بنانےکے خصوصی قوانین بھی متعارف کرا رہے ہیں۔
وزیرقانون نے بتایا کہ نئی اصلاحات کا مقصد موجودہ قوانین میں ترامیم اور نئے قوانین کا نفاذ ہے جس کیلئے ٹیکنالوجی سلوشنز کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے انصاف کی فراہمی میں عدالتوں کی معاونت بھی کی جا سکے گی۔