حکومت کے100روز،(ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی

لاہور: حکومت کی100روزہ کارکردگی پر مسلم لیگ نون کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے 100روزہ پلان میں ایک بھی منصوبے پر عملدرآمد نہیں کیا، وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں پر 63کروڑروپے کے اخراجات آئےجبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں 43فیصد کمی آئی۔
پنجاب اسمبلی میں یہ قرارداد مسلم لیگ نون کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف کی حکومت 3 ماہ میں ہی ناکام ہو گئی، سی پیک پر سست روی کی وجہ سے چین کی سرمایہ کاری 69کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 33کروڑ 50لاکھ ڈالر رہ گئی۔
قرار داد کے مطابق سرمایہ کاری کاحجم 1ارب 12کروڑ ڈالرسےکم ہو کر 60کروڑ 10لاکھ ڈالر رہ گیا، 52ہزار پوائنٹس کی صلاحیت والا پاکستان اسٹاک ایکسچینج 40ہزار تک محدود ہوکررہ گیا۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیاکہ ملک کی ڈوبتی معیشت کے لیے ٹھوس معاشی پالیسیاں بنانے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔