نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹر و ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کھلنے سے کروڑوں لوگوں کی 75 سال پرانی خواہش پوری ہوئی ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی ٹی وی کو دیا ہوا انٹرویو کا کچھ حصہ پوسٹ کیا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے اٹھایا گیا قدم بارش کا پہلا قطرہ ہے، اس یادگار دن سکھ کمیونٹی کے دل خوشی سے پھولے نہیں سما رہے کیونکہ سکھ کمیونٹی تاریخی گوردوارہ صاحب میں عبادت کرنے کیلئے بیتاب ہے۔
اسی ٹوئٹ میں بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سدھو کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد پر خوش ہوں بلکہ میں ہی نہیں کروڑوں لوگ خوش ہیں کیوں کہ ان کی 75 سال پرانی خواہش پوری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کے کھلنے پر دونوں حکومتوں کے شکرگزار ہیں، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے 4 ماہ قبل کرتار پور راہداری کھولنے کا کہا تھا جس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ کے پاس گیا تھا اور ان سے خط لکھنے کی اپیل کی تھی لیکن انہوں نے کسی دقت یا پریشانی کی وجہ سے خط نہیں لکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس عمل سے امن ہوسکتا ہے لہٰذا اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت پاکستان کی تجویز پر بھارتی کابینہ نے کرتار پور راہداری کھولنے کی منظوری دی تھی۔
پاکستان نے 28 نومبر کو کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ، بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور ریاستی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت دی تھی۔لیکن بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج اور وزیر اعلیٰ پنجاب ارمیندر سنگھ نے شرکت سے معذرت کرلی ہے۔