وزیراعظم نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

نارووال : وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورکوریڈورکا سنگ بنیاد رکھ کر تاریخ رقم کردی ، کرتارپورراہداری کےذریعے بھارتی سکھ بنا ویزے کےکرتارپورصاحب درشن کے لئے آسکیں گے۔
گوردوارہ کرتار صاحب پر کرتارپور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، بھارتی وفد، مختلف ممالک کے سفارتکار اور عالمی مبصرین بھی شریک ہیں۔
وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفیر بھی کرتار پورکوریڈور کے سنگ بنیاد کی افتتاحی تقریب میں شریک ہیں جبکہ بھارت سے نوجوت سنگھ سدھو،2بھارتی وزرابھی موجود ہے، تقریب میں سکھ یاتریوں کی بھی بڑی تعداد شریک ہیں۔
تقریب کے لئے جلسہ گاہ تیارکی گئی ہے، جس میں مہمانوں کے لئے تین ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ بیس فٹ چوڑ ا اور ساٹھ فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے لئے سینتیس سے زائد کیمرے لگائے گئےہیں جبکہ گردوارہ کرتارپور صاحب میں آنے جانے والے راستے کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزارت اطلاعات کے مطابق کرتارپور کوریڈور فیز1 میں ساڑھے چار کلو میٹر سڑک تعمیر کی جائے گی جبکہ بارڈر ٹرمینل کمپلیکس بھی تعمیر ہوگا، کوریڈور کی تعمیر میں دریائے راوی پر پل اور بارڈر کے قریب مختلف محکموں کے دفاتر کے قیام کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔