راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاکہ کرتارپور راہداری امن کی طرف ایک قدم ہے جس کی ہمارے خطے کو ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہاکہ سرحدوں پر خاردار تاریں آزاد ریاست کی جانب سے غیرقانونی آمدروفت روکنے کے لیے ہیں، گیٹ اور راہداریاں امن پسند اور قانونی سیاحوں کے لیے ہے، اور یہی معاملہ ہمارے سب ہمسائیوں کے لیے ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ضلع نارووال میں کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بھارت کی معروف شخصیت نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وزیر ہرسمرت کور اور ایچ ایس پوری سمیت بھارت کے سرکاری وفد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔